Monday, 20 May 2013

الطاف حسین کو زہرہ شاہد کے قتل کا ذمے دار سمجھتا ہوں، عمران خان


لاہور: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ زہرہ شاہد حسین کے قتل پر سخت صدمے میں ہوں اور ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین اور برطانوی حکومت کو زہرہ شاہد حسین کے قتل کا براہ راست ذمہ دار سمجھتا ہوں۔
انھوں نے کہاکہ الطاف حسین نے تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنوں کو دھمکیاں دی تھیں ۔ قبل ازیں شانگلہ ہل کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران دھاندلی کی شکایات کے پیچھے آخر کچھ تو کار فرما ہے، چیف الیکشن کمشنر کو اس پر پوری قوم کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا‘ انکی پراسرار خاموشی سربستہ راز بن گئی ہے‘ اس ٹیکنیکل دھاندلی کے 
حقائق منظرعام پر لانے کیلئے پی ٹی آئی آخری حد تک جائیگی۔
عمران خان نے کہا کہ میں میاں نواز شریف کے اپنی عیادت کیلئے آنے پر بیحد مشکور ہوں تاہم تحریک انصاف عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل اور نئے خوشحال ومستحکم پاکستان کیلئے ہر حد تک جائیگی۔دریں اثنا عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے دھاندلیوں پر ہماری شکایات نہیں سنیں تین دن کا الٹی میٹم دیا تھا اب اسلام آباد میں دھرنا دیا جائے گا، انھوں نے اپنے حمایتیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ڈٹے رہیں نیا پاکستان بننا شروع ہوگیا ہے۔ دھاندلیوں کے خلاف لندن میں بھی احتجاج کیا جائے گا۔